کورونا وائرس امریکا پر ’پرل ہاربر سے بھی بدتر حملہ ہے : صدر ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کے لیے یہ وبا گیارہ ستمبر کے حملوں اور دوسری جنگ عظیم کے دوران پرل ہاربر پر جاپانی حملے سے کہیں زیادہ نقصان دہ ثابت ہوئی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ صورتحال “پرل ہاربر سی کہیں بدتر ہے۔ ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے کہیں بدتر ہے۔ اس طرح کا حملہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ یہ بلکل نہیں ہونا چاہیے تھا۔” انہوں نے کہا کہ چین کو چاہیے تھا کہ وائرس کو وہیں روکتا۔ لیکن ان کے بقول، “ایسا نہیں ہوا۔” امریکی حکومت کورونا سے پیدا ہونے والے عالمی بحران کے لیے بیجنگ کو مورد الزام ٹہراتی ہے اور چین کے خلاف قانونی چارہ گوئی پر غور کر رہی ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ امریکی قیادت جھوٹ بول کر اپنی نااہلیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔

صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس وبا کو امریکا کے خلاف اقدام جنگ سمجھتے ہیں؟ جواب میں امریکی صدر نے وضاحت کی کہ ان کی نظر میں دشمن یہ وبا ہے، نہ کہ چین۔ انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے کہا کہ، “یہ جنگ ان دیکھے دشمن کے خلاف ہے۔” امریکا میں کورونا کے معاشی نقصانات پر گہری تشویش ہے اور مبصرین کا خیال ہے کہ اس کا صدر ٹرمپ کو براہ راست نقصان ہو رہا ہے۔ کورونا سے پہلے صدر ٹرمپ نہایت پرامید تھے کہ ان کی معاشی کارکردگی انہیں نومبر کے صدارتی انتخاب میں دوبارہ سرخرو کرے گی۔ لیکن سیاسی مبصرین کے مطابق اس غیر متوقع بحران کے دوران لاکھوں لوگوں کی بیروزگاری اور بدحالی صدر ٹرمپ کے لیے مسئلہ بن رہی ہے۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی کورونا ٹاسک فورس کو ختم کرنے کا عندیہ دیا۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وہ لمبے عرصے تک ملک بند نہیں رکھ سکتے اور اب حکومت کی توجہ معیشت کھولنے پر ہو گی۔ امریکی صدر کا موقف ہے کہ اس سے امریکا میں کچھ لوگ بری طرح متاثر ہوں گے لیکن ان کے نزدیک کاروبار کھولنا ناگزیر ہے۔ امریکا دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، جہاں تہتر ہزار اموات ہو چکی ہيں۔ ماہرین کے مطابق اگست تک یہ تعداد دوگنا ہو سکتی ہے۔

 بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

’پرل ہاربر حملے‘ کو 72 سال ہو گئے

    دسمبر کو امریکہ کے بحری اڈے پر جاپان کی جانب سے کیے گئے حملے کو 72 برس مکمل ہو گئے۔ جاپان نے یہ حملہ ہوائی کے جزیروں پر واقع پرل ہاربر کے مقام پر کیا تھا۔

ہر سال ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس روز پرل ہاربر پر اکٹھے ہوتے ہیں اور 1941ء میں امریکہ پر کیے گئے اس حملے کی یاد مناتے ہیں جس نے امریکہ کو دوسری جنگ ِ عظیم میں دھکیلا تھا۔

امریکی بحریہ اور نیشنل پارک سروس کی جانب سے اس روز منعقد کیے جانے والی تقریبات میں امریکیوں کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے۔ اس موقعے پر ’پرل ہاربر حملے‘ میں زندہ بچ جانے والے افراد بھی شریک ہوتے ہیں۔

7 دسمبر 1941ء کو پرل ہاربر پر امریکی فوج اور بحری اڈوں رپ جاپان کے جنگی جہازوں نے حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں دو ہزار سے زائد امریکی ہلاک ہوئے جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔