گرم دنوں اور ہواؤں کے بند ہونے کی وجہ سے متعدد علاقوں میں ہیٹ ویو کا محسوس کیا جا رہا ہے، جس سے لوگوں کو ’ہیٹ اسٹروک‘ ہونے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔
’ہیٹ اسٹروک‘ کیا ہے؟
’ہیٹ اسٹروک‘ عام طور پر انسان کو سخت گرمیوں کے موسم میں گرم ہواؤں چلنے اور سورج کی تپش کی وجہ سے ہوتا ہے۔ ’ہیٹ اسٹروک‘ دراصل اس وقت ہوتا ہے جب کسی بھی انسان کا جسم زیادہ گرم ہو جاتا ہے اور گرمائش سے اسے پسینہ آنا بند ہو جاتا ہے۔ عام طور پر مسلسل سورج کی تپش میں کام کرنے یا گھومنے سے گرمیوں کے موسم میں انسانی جسم کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اور ایسے میں ’ہیٹ اسٹروک‘ سے متاثر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اگرچہ ہیٹ اسٹروک کے گرم دنوں کی وجہ سے ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، تاہم بعض ایسے افراد جو ہائی بلڈ پریشر کے مریض ہیں (جن کا بلڈ پریشر مسلسل 100/140 ) رہتا ہو، جو دل، دماغ، گردوں اور معدے سمیت اسی طرح کی دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوں، ایسے افراد کے ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ ہیٹ اسٹروک ایسی ہنگامی جسمانی بیماری ہے، جسے فوری طور پر باضابطہ علاج کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے اس سے متاثر ہونے والے افراد کو ہسپتال ہی لے جانا سب سے اہم ہوتا ہے۔
’ہیٹ اسٹروک‘ کی ابتدائی علامات
اس کی متعدد ابتدائی علامات ہوسکتی ہیں لیکن عام طور پر پہلی عام علامت سر کا شدید درد، سر کا چکرانا، بے ہوش جانا ہے۔
اس کے علاوہ درج ذیل علامات بھی ہوسکتی ہیں۔
جسم میں پانی کی کمی
گرم و خشک موسم
سر کا شدید درد، سر کا چکرانا، بے ہوش جانا ہے۔
گرم موسم میں سخت مشقت یا ورزش
دھوپ میں براہ راست بہت زیادہ گھومنا
گھر سے باہر کام یا آﺅٹ ڈور ورکنگ
جب کوئی ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہو تو کیا کرنا چاہیے؟
سب سے پہلے تو ایمبولینس کوطلب کریں یا متاثرہ شخص کو خود ہسپتال لے جائیں (طبی امداد میں تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے)۔ ایمبولینس کے انتظار کے دوران مریض کو کسی سایہ دار جگہ پر منتقل کر دیں۔
مریض کو فرش پر لٹا دیں اوراسکے پیر کسی اونچی چیز پر رکھ دیں (تاکہ دل کی جانب خون کا بہاﺅ بڑھ جائے اور شاک کی روک تھام ہوسکے)۔
مریض کے کپڑے ٹائٹ ہوں تو ان کو ڈھیلا کردیں۔
مریض کے جسم پر ٹھنڈی پٹیاں رکھیں یا ٹھنڈے پانی کا اسپرے کریں۔
پیڈسٹل پنکھے کا رخ مریض کی جانب کردیں تاہم بجلی نہ ہو تو اخبار یا دستی پنکھے سے خود مریض کو ہوا دیں۔







