فیس بک سب کچھ جانتی ہے ؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اس بات سے واقف ہوتی ہے کہ کروڑوں افراد اپنے فونز میں کیا کر رہے ہیں، چاہے وہ لوگ اس ویب سائٹ کا استعمال نہ بھی کر رہے ہوں۔ یہ دعویٰ امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں سامنے آیا۔ ویسے تو فیس بک خود تسلیم کرتی ہے کہ وہ صارفین کا ڈیٹا جمع کرتی ہے جس کا مقصد ان کے استعمال کا تجربہ بہتر بنانا ہوتا ہے۔ تاہم اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فیس بک کسی اور کمپنی کے جمع کردہ ڈیٹا کو صارفین کی ایپ اور ویب سائٹس کے استعمال کی عادات کی تفصیلات جاننے کے لیے استعمال کرتی ہے، جیسے وہ کن ایپس کو استعمال کرتے ہیں، کتنا زیادہ استعمال کرتے ہیں اور کتنی وقت تک استعمال کرتے ہیں، وغیرہ وغیرہ۔

یہ معلومات فیس بک پراڈکٹ روڈ میپ کو شکل دینے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں اور اسی وجہ سے واٹس ایپ کو خریدا گیا جبکہ اسنیپ چیٹ کو کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فیس بک کے پاس اتنی زیادہ معلومات ہوتی ہیں کہ اسے علم ہوتا ہے کہ اسنیپ چیٹ صارفین کتنی پوسٹس روزانہ ایک دوسرے کو بھیجتے ہیں۔ اس سیٹ اپ سے فیس بک کو یہ جاننے میں مدد ملتی ہے کہ کونسی ایپس اور ویب سائٹس صارفین کے وقت کے لحاظ سے اس کے مقابل ہیں اور اس سے کمپنی کو انہیں شکست دینے میں کافی آسانی مل جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق فیس بک Onavo Protect نامی ایپ سے ڈیٹا اکھٹا کرتی ہے جو کہ ایک مفت وی پی این ایپ ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ یہ صارفین کا آن لائن ڈیٹا محفوظ رکھتی ہے، تاہم یہ جس کمپنی نے تیار کی تھی اسے فیس بک نے چند سال پہلے خرید لیا تھا۔ یہ ایپ اس وقت بھی ڈھائی کروڑ کے قریب افراد استعمال کر رہے ہیں اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ جن لوگوں کے فونز میں یہ انسٹال ہے، وہ جب کوئی ایپ اوپن یا ویب سائٹ کھولتے ہیں، تو یہ ایپ ٹریفک کو فیس بک سرورز کی جانب ری ڈائریکٹ کر دیتی ہے۔ Onavo Protect کی شرائط میں درج بھی ہے کہ یہ موبائل ڈیٹا اور ایپ کے استعمال کا تجزیہ کرتی ہے اور اسے ‘ملحقہ اداروں’ سے شیئر بھی کر سکتی ہے تاہم لوگ عام طور پر اسے پڑھتے ہی نہیں۔

فیس بک کے ماہانہ صارفین کی تعداد دو ارب کے قریب

سماجی رابطوں کی ویسب سائٹ فیس کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال
کے ابتدائی تین ماہ میں اس کے صارفین کی تعداد دو ارب تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے منافع میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ فیس بک استعمال کرنے والوں کی تعداد میں ہر ماہ ایک ارب 94 کروڑ تک کا اضافہ ہوا ہے جن میں سے ایک ارب 30 کروڑ روانہ کی بنیادوں پر استعمال کرتے ہیں۔

امریکی کمپنی کے مطابق ابتدائی تین ماہ کے دوران کمپنی کو تین ارب ڈالر سے زائد کا منافع ہے۔ تاہم فیس بک کا کہنا ہے کہ اشتہارات سے ہونے والی آمدن میں کمی ہوئی ہے۔ فیس بک کو حال ہی میں نفرت انگیز مواد، بچوں کے ساتھ زیادتی اور سوشل نیٹ ورک پر خود کو نقصان پہنچانے جیسے واقعات کے باعث شدید دباؤ کا برداشت کرنا پڑا۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اعلان کیا کہ وہ ویب سائٹ پر موجود مواد میں تبدیلی کے لیے تین ہزار اضافی افراد کو ملازمت پر رکھ رہے ہیں۔ دنیا کی کل آبادی میں سے 25 فیصد ہر ماہ فیس بک کا استعمال کرتے ہیں، جبکہ زیادہ تر نئے صارفین یورپ اور شمالی امریکہ سے باہر کے ہیں۔ ان نتائج کے بعد مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ صارفین کی بڑھتی تعداد کے باعث فیس بک کو یہ موقع ملا ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹ کو مزید پھیلا کر ٹی وی، ہیلتھ اور سیاست کی جانب بڑھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اس بنیاد کے بعد ہماری توجہ کمیونٹی بنانے پر ہو گی۔ بہت کچھ کرنے کو ہے۔‘