فیس بک نے ایپل کے فیس آئی ڈی کا اپنا ورژن تیار کر لیا ہے اور اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اکاﺅنٹ چہرے سے لاک یا ان لاک کیا جا سکے گا۔ فیس بک نے چہرے کے ذریعے صارف کی شناخت کے نئے فیچر کو آزمانا شروع کر دیا ہے۔ یہ فیچر اس وقت انتہائی کارآمد ثابت ہو گا جب کسی صارف کو ٹو فیکٹر آتھنٹیکشن ایس ایم ایس تک رسائی حاصل نہ ہو، جیسے موبائل سروس بند ہونا یا طیارے میں سفر یا بیرون ملک جانا وغیرہ۔ فیس بک نے بھی اس فیچر کی تصدیق کی ہے۔ ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش کر رہے ہیں تا کہ وہ اپنے اکاﺅنٹ ریکوری کے دوران اپنی ملکیت کو فوری طور پر ثابت کر سکیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ یہ فیچر صرف ان ڈیوائسز پر استعمال ہو سکے گا جو صارف لاگ ان کے لیے استعمال کر چکے ہوں گے، یہ اکاﺅنٹ کو ایس ایم ایس کے ذریعے اوپن کرنے سے ہٹ کر اسے محفوظ بنانے کی جانب ایک اور قدم ہے۔ فیس بک کے مطابق اگر یہ فیچر صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا تو اسے جلد زیادہ صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔ گزرے برسوں کے دوران فیس بک نے اس طرح کے کئی اقدامات کیے ہیں جس کا مقصد لاک اکاﺅنٹ کو اپن کرنا ہے۔
اس سے قبل فیس بک کو فوٹو ٹیگ سجیشن کے حوالے سے چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی پر کافی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا جو کہ پرائیویسی کے لیے بھی خطرہ قرار پایا تھا۔ اب یہ نیا فیچر کس حد تک فائدہ مند یا مفید ہو گا یہ تو سامنے آنے کے بعد ہی صحیح طور پر علم ہو سکے گا۔