نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے علاج کے لیے دنیا بھر کے ماہرین کی جانب سے کام کیا جارہا ہے، مگر اب تک اس حوالے سے کوئی خاص کامیابی نہیں مل سکی۔ اس وقت زیادہ توجہ ویکسینز پر دی جارہی ہے مگر ابھی ان کی کامیابی کے بارے میں کچھ بھی کہنا مشکل ہے جبکہ آغاز میں ان کی سپلائی بھی محدود ہو گی۔ خاص طور پر کم آمدنی والے ممالک تک ان کی رسائی بہت مشکلہ ثابت ہو سکتی ہے، تاہم ماہرین کی جانب سے اس کے ایک آسان اور کم قیمت متبادل کی تیاری میں پیشرفت کی گئی ہے۔ امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کی جانب سے ایک نتھنوں کے اسپرے یا نیسل اسپرے کو تیار کیا جارہا ہے، جو جانوروں کے ساتھ ساتھ انسانی پھیپھڑوں کے تھری ڈی ماڈل میں کووڈ 19 کی روک تھام میں کامیاب ثابت ہوا ہے۔ یہ لیپو پیپ ٹائڈ (لپڈ اور پیپ ٹائڈ کا امتزاج) کورونا وائرس کی روک تھام متاثرہ خلیے کی جھلی میں وائرل پروٹین کو بلاک کر کے کرتا ہے۔
یہ فوری طور پر کام کرتا ہے اور اس کا اثر کم از کم 24 گھنٹے تک رہتا ہے، محققین کے مطابق یہ کم قیمت، طویل عرصے تک چلنے والا اسپرے ہے، جس کے لیے فریج کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔ مگر محققین کا کہنا تھا کہ اس اسپرے کو عوام تک پہنچنے کے لیے ابھی وقت درکار ہے، کیونکہ پہلے انسانی کلینیکل ٹرائلز کی ضرورت ہو گی جبکہ بڑے پیمانے پر پروڈکشن بھی درکار ہو گی۔ مگر ان کا کہنا تھا کہ وہ برق رفتاری سے مزید ٹیسٹنگ کے ذریعے پیشرفت کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ محققین کو توقع ہے کہ اس کے ذریعے وہ دنیا کے بیشتر حصوں میں لوگوں کو تحفظ فراہم کر سکیں گے جہاں بڑے پیمانے پر کووڈ 19 ویکسینیشن مشکل ہو گی۔ محققین کے خیال میں ایسے افراد جو ویکسینز سے گھبراتے ہیں یا جن پر ویکسین کارآمد نہیں ہو گی، ان کے لیے اس اسپرے کا روزانہ استعمال بیماری سے انہیں بچائے گا۔ اس طرح کے ایک اسپرے پر آسٹریلیا میں کام کیا جارہا ہے جس کے نتائج جانوروں پر اب تک حوصلہ افزا رہے ہیں۔
آسٹریلین محققین کے اس دوا جیسے مالیکیول کو ناک میں اسپرے کی شکل میں استعمال کیا جاسکے گا جس کے ابتدائی کام کے نتائج ستمبر میں جاری کیے گئے تھے۔ ان نتائج کے مطابق یہ اسپرے نتھوں کے خلیات سے رابطہ قائم کر کے جسم کے قدرتی مدافعتی نظام کو متحرک کرتا ہے۔ ویکسینز کے نتیجے میں مدافعتی ردعمل سے اینٹی باڈیز اور ٹی سیلز کسی مخصوص جراثیم کے خلاف متحرک ہوتے ہیں، مگر قدرتی مدافعتی نظام متعدد اقسام کے جراثیموں کے خلاف کام کرتا ہے۔ اینا ریسیپٹری نامی بائیو ٹیک کمپنیی کے ماہرین کی جانب سے اس اسپرے پر کام کیا جارہا ہے جو ایک دفاعی ڈھال کی طرح کام کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اسپرے اینا 051 سے قدرتی مدافعتی نظام متحرک ہوتا ہے جو وائرس کو خلیات کے اندر نقول بنانے سے روکتا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے اور محققین کا کہنا تھا کہ اسپرے کو فیریٹ نامی جانوروں کے 3 گروپس کے ناکوں پر مختلف مقدار میں استعمال کیا گیا۔
ہر گروپ میں 6 فیریٹ تھے اور ایک چوتھا گروپ بھی تھا جسے اسپرے کی بجائے پلکبو دیا گیا۔ اس کے 5 دن بعد ان جانوروں کو کورونا وائرس سے متاثر کیا گیا اور دریافت کیا گیا کہ جن کو اسپرے استعمال کرایا گیا تھا ان میں وائرل آر این اے یا وائرس کے جینیاتی مواد کی مقدار چوتھے گروپ کے مقابلے میں 96 فیصد کم تھی۔ ابھی انسانوں پر اس کی آزمائش ہونی ہے تاکہ دریافت کیا جاسکے کہ انسانوں میں یہ وائرس کے خلاف موثر اور محفوظ ہے یا نہیں۔ ماہرین کے مطابق اینا 051 پر مشتمل اسپرے حفاظتی قدم کے طور پر ہفتے میں 2 بار استعمال کیا جاسکے گا۔ خاص طور پر ایسے افراد کے لیے جو کورونا وائرس کے زیادہ خطرے سے دوچار ہوں۔ ماہرین نے بتایا کہ توقع ہے کہ اس سے وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی شدت اور دورانیے کو کم رکھنے میں مدد مل سکے گی جبکہ ناک میں وائرل ذرات کی تعداد بھی کم ہو گی۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک یہ دعوی نہیں کر سکتا کہ کروناوائرس کی عالمی وبا ختم ہو گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ادارے کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم نے کہا کہ دنیا کے ممالک کو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے عمل کو بہت سنجیدگی سے لینا ہو گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ممالک کو معیشت کھولنے یا معمول کی زندگی بحال کرتے وقت وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور مزید ہلاکتوں سے بچنے کی حکمتِ عملی بھی مرتب کرنی چاہیے۔ ٹیڈروس ایڈہینم کا کہنا تھا کہ جن ممالک نے وائرس کو کنٹرول کر لیا ہے وہ اسی لحاظ سے اپنی روزمرہ کے معمولات بحال کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر ٹیڈروس نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے چار بنیادی نکات پر عمل درآمد پر زور دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ بڑے اجتماعات جیسے اسٹیڈیمز اور نائٹ کلبز پر پابندی اور ٹیسٹنگ کا بہترین نظام، ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلوں سے وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے ان ممالک کو احتیاط کا مشورہ دیا جو کرونا وائرس کی محفوظ اور بہترین ویکسین بنانے کی ریس میں شامل ہیں۔ انہوں نے یہ گفتگو ‘امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن’ کے سربراہ ڈاکٹر سٹیفن ہان کے ایک بیان کے ردعمل میں کی۔ ڈاکٹر بان نے کہا تھا کہ ان کی ایجنسی ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی اجازت دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس سے پہلے کہ بڑے پیمانے پر ویکسین تیار کی جائے۔
عالمی ادارہ صحت کی چیف سائنس دان ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھ نے خبردار کیا کہ ’’اس قسم کی اجازت دینے کے لیے بہت زیادہ سنجیدگی اور غور و خوص درکار ہے۔ یہ قدم آسانی سے اٹھانے جانے والا نہیں ہے۔‘‘ ورلڈ اکنامک فارم کے ایک سروے کے مطابق دنیا بھر میں 74 فی صد افراد کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کرونا وائرس کی ویکسین دستیاب ہوئی تو وہ اسے لینا چاہیں گے۔ دنیا بھر کے 27 ممالک کے 20 ہزار افراد میں سے چین کے شہری سب سے زیادہ ویکسین کے لیے بے چین تھے، اور 97 فی صد اس کے حق میں تھے۔ روس کے شہری سب سے کم ویکسین کے منتظر پائے گئے۔ صرف 54 فی صد افراد ویکسین لگوانے پر رضامند نظر آئے۔ سروے کے مطابق امریکہ میں یہ تعداد 67 فی صد تھی۔
صرف تین ہفتے پہلے کی بات ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی فہرست میں بھارت مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے چھٹے نمبر پر تھا. لیکن اب ورڈو میٹر اور جانز پاپکنز یونیورسٹی کی ویب سائٹس یہ ظاہر کر رہی ہیں کہ بھارت میں گزشتہ تین ہفتوں میں مریضوں کی تعداد میں اتنی تیزی سے اضافہ ہوا ہے کہ وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ بھارت ان ملکوں میں شامل ہے جنہوں نے کرونا وائرس کے ابتدائی دنو ں میں ہی وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس سے لوگوں میں شکایات بھی پیدا ہوئیں۔ اس کے بعد حکومت نے بتدریج پابندیاں نرم کر دی ہیں۔ بھارت میں اب روزانہ ڈھائی لاکھ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، جب کہ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ایسے ملک میں جس کی آبادی ایک ارب 40 کروڑ کے قریب ہو، ٹیسٹوں کی یہ تعداد بہت کم ہے۔
بھارت میں اب تک ایک کروڑ دس لاکھ کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہو چکے ہیں جو ماہرین کے نزدیک ملک کی آبادی کے تناسب سے بہت کم ہیں۔ وہ یہ خدشہ ظاہر کرتے ہیں کہ پازیٹو کیسز کی اصل تعداد نامعلوم اور کہیں زیادہ ہے۔ حالیہ جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ دارالحکومت دہلی اور ملک کے مالیاتی مرکز ممبئی میں وائرس کہیں زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے باوجود بھارتی حکام اسے تشویش ناک قرار نہیں دے رہے۔ بھارت کی وزارت داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وائرس پر نظر رکھنے اور اسے محدود کرنے میں ان کی پالیسی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت میں کرونا وائرس سے ہر دس لاکھ میں 13 افراد ہلاک ہو رہے ہیں جب کہ امریکہ اور برازیل میں یہ شرح دس لاکھ میں بالترتیب 400 اور 320 اموات ہیں۔
ناقدین سرکاری اعداد و شمار سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت میں حقیقی گنتی معلوم کرنا ناممکن ہے، کیونکہ ملک میں اعداد و شمار اکھٹے کرنے کا کوئی مستند اور قابل بھروسہ انتظام موجود نہیں ہے۔ بھارت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 43 فی صد اموات کا تعلق 30 سے 60 سال کی عمر کے گروپ سے ہے۔ کرسچن میڈیکل کالج ولور کے ایک ماہر وبائی امراض ڈاکٹر جے پرکاش کہتے ہیں کہ یہ وبا بڑی عمر کے افراد کے لیے زیادہ مہلک ہے۔ غالباً وائرس سے بڑی عمر کی ہلاکتوں کا ڈیٹا یا تو نامکمل ہے یا اکھٹا نہیں کیا جا سکا۔ خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں صحت سے متعلق ڈیٹا ریاستی سطح پر جمع کیا جاتا ہے۔ جنوبی ریاست کیرالہ وہ ریاست ہے جہاں سب سے پہلے کرونا وائرس کے تین مریض تشخیص ہوئے تھے۔ اسے ایک ماڈل ریاست کے طور پر لیا جاتا ہے۔
وہاں قرنطینہ مراکز قائم ہوئے اور ان سے رابطے میں رہنے والوں کا ریکارڈ رکھا گیا اور اسی ریاست میں کرونا وائرس کے ٹیسٹوں میں بھی تیزی دکھائی گئی، جب کہ دوسری جانب دہلی ہے۔ اگرچہ یہ دارلحکومت ہے لیکن جس طرح وہاں عالمی وبا کا بندوبست کیا گیا اور جس تیز رفتاری سے وہاں وائرس پھیلا، اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ حتیٰ کہ اسپتالوں میں کرونا کے مریضوں کے لیے جگہ نہ رہی اور پھر ریلوے کی 500 بوگیوں کو عارضی اسپتال میں تبدیل کرنا پڑا۔ جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں اقتصادیات کے پروفیسر دشنو داس کہتے ہیں کہ بھارت میں اعداد و شمار جمع کرنے کا کوئی مرکزی نظام موجود نہیں ہے۔ عالمی وبا کے پھیلاؤ کے دوران چین کے ساتھ سرحدی تنازع بھی صورت حال پر اثرانداز ہوا اور حکام کی توجہ اس اہم مسئلے سے ہٹ کر سرحدوں پر مرکوز ہو گئی۔ اسی طرح کاروباروں کی بندش سے پیدا ہونے والی بے روزگاری اور اقتصادی حالات بھی وبا کے پھیلاؤ پر اثر انداز ہوئے۔
نئے نوول کورونا وائرس سے ایشیا کے مقابلے میں یورپ اور امریکا میں زیادہ اموات ہوئی ہیں اور طبی ماہرین کے لیے یہ سوال معمہ بنا ہوا تھا کہ مختلف خطوں میں ہلاکتوں کی شرح میں اتنا فرق کیوں ہے۔ اب چین کے سائنسدانوں نے اس کا جواب دیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ نیا وائرس کچھ ممالک میں بہت زیادہ جان لیوا کیوں ثابت ہو رہا ہے۔ چین کی ژجیانگ یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر لی لان جوآن اور ان کی ٹیم نے مریضوں کے ایک چھوٹے گروپ میں اس وائرس کی اتنی اقسام کو دریافت کیا، جو اس سے پہلے رپورٹ نہیں ہوئی تھیں۔ درحقیقت وائرسز میں ایسی جینیاتی تبدیلیاں عموماً نہیں ہوتیں اور سائنسدانوں نے یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ کورونا وائرس کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے۔
اس ٹیم نے پہلی بار لیبارٹری شواہد کی بنا پر یہ بھی ثابت کیا کہ اس وائرس کی کچھ اقسام دیگر کے مقابلے میں زیادہ جان لیوا ثابت ہوتی ہیں۔ اس تحقیق کو ابھی کسی طبی جرنل میں شائع نہیں کیا گیا بلکہ اس کے نتائج ایک اوپن ویب سائٹ میں شائع ہوئے جس میں سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ یہ نیا کورونا وائرس اپنے اندر متعدد تبدیلیاں لانے کی صلاحیت پیدا کر چکا ہے۔ تحقیق میں پہلی بار یہ شواہد بھی فراہم کیے گئے کہ اس وائرس کی اقسام امراض کی شدت یا نقصان پر اثرانداز ہوتی ہیں۔ تحقیق میں وائرس میں جینیاتی تبدیلیوں کی تفتیش کے لیے غیرمعمولی طریقہ کار کو اپنایا گیا اور ہانگ زو کے 11 کووڈ 19 کے مریضوں میں سے وائرل اقسام کے نمونے حاصل کیے گئے اور پھر دیکھا گیا کہ وہ خلیات کو متاثر کرنے اور مارنے میں کتنے موثر ہیں۔
محققین نے دریافت کیا کہ یورپ بھر کے بیشتر مریضوں میں اس وائرس کی جان لیوا اقسام موجود ہیں جبکہ امریکا کے مختلف حصوں جیسے ریاست واشنگٹن میں اس کی معتدل شدت کا باعث بننے والی اقسام کو دریافت کیا گیا۔ مگر نیویارک میں اسی ٹیم کی ایک الگ تحقیق میں اس وائرس کی جو قسم دریافت ہوئی، وہ یورپ سے وہاں پہنچی تھی اور یہی وجہ ہے کہ وہاں شرح اموات بیشتر یورپی ممالک سے زیادہ نہیں تو کم بھی نہیں۔ مگر محققین کے مطابق کمزور اقسام کا مطلب یہ نہیں کہ ہر ایک کے لیے خطرہ کم ہو گیا، درحقیقت 30 اور 50 سال کی عمر کے 2 مریضوں میں وائرس کی کمزور قسم موجود تھی مگر وہ بہت زیادہ بیمار ہو گئے، اگرچہ وہ دونوں آخر میں بچ گئے، مگر زیادہ عمر والے مریض کو آئی سی یو میں داخل کرنا پڑا۔
اس تحقیق سے مختلف خطوں میں اموات کی شرح میں فرق پر روشی ڈالی گئی، کیونکہ ابھی ہر ملک میں اموات اور کیسز کی شرح مختلف ہے اور سائنسدانوں کی جانب سے مختلف وضاحتیں کی جاتی ہیں۔ جینیاتی سائنسدانوں نے پہلے شبہ ظاہر کیا تھا کہ وائرس کی مختلف اقسام اموات کی شرح میں اس فرق کا باعث بنتی ہیں مگر کوئی ثبوت نہیں ملا تھا۔ اس نئی تحقیق کے نتائج اس وبا کو مزید پیچیدہ بناتی ہے کیونکہ بچنے کی شرح کا انحصار متعدد عناصر جیسے عمر، پہلے سے کوئی بیماری یا خون کے گروپ پر بھی ہوتا ہے۔ ہسپتالوں میں کووڈ 19 کے تمام مریضوں کا علاج ایک ہی بیماری سمجھ کر کیا جاتا ہے یعنی ایک جیسا علاج ہوتا ہے، مگر چینی سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ کسی خطے میں وائرس کی قسم کی وضاحت کی جانی چاہیے تاکہ اس کے مطابق علاج کیا جاسکے۔
چینی میڈیا کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر لی لان جوآن پہلی سائنسدان تھیں جنہوں نے ووہان کو لاک ڈائون کرنے کی تجویز دی تھی اور حکومت نے جنوری کے تیسرے عشرے میں اس پر عمل بھی کیا تھا۔ اس تحقیق کا حجم چھوٹا تھا جس کا مطلب ہے کہ وائرس کی اقسام پر دیگر تحقیقی رپورٹس میں سیکڑوں یا ہزاروں اقسام بھی دریافت ہو سکتی ہیں۔ اس تحقیق میں 30 سے زائد اقسام کو دریافت کیا گیا جن میں سے 19 اقسام بالکل نئی تھیں۔ تحقیق کے مطابق ان تبدیلیوں سے وائرس کے اسپائیک پروٹین (وہ حصہ جو یہ وائرس کسی خلیے کو متاثر کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے) کے افعال میں تبدیلیاں آتی ہیں۔ اس خیال کو ثابت کرنے کے لیے تحقیقی ٹیم نے خلیات کو اس وائرس کی مختلف اقسام سے متاثر کیا اور معلوم ہوا کہ سب سے زیادہ جارحانہ اقسام کمزور اقسام کے مقابلے میں 270 گنا زیادہ وائرل لوڈ کا باعث بنتی ہیں جبکہ وہ خلیات کو بھی بہت تیزی سے مارتی ہیں۔