حکومت، سیاست اور سیادت کی تاریخ میں جنگیں ایک ناگزیر لازمے کا درجہ رکھتی ہیں۔ حکومتیں عوام و خواص پر، اپنے حلیف اور حریف ممالک پر دھاک بٹھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ عسکری قوت جمع کرتی ہیں۔ جدید سائنس اور سائنس دانوں نے حکومتوں کے لیے ایسے ایسے ہلاکت خیز ہتھیار تیار کیے ہیں جو ایک سے زائد مرتبہ اس کرہِ ارضی کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایسی اشیاء کو ہلاکت خیز بنا دیا گیا ہے کہ جن کا تصور بھی عام فرد کے لیے محال ہو مثلاً حیاتیاتی عناصر وغیرہ۔