چودہ اگست : یومِ تشکر، یومِ احتساب، یومِ تجدید عہد

پاکستان کا قیام، برطانوی سامراج کے خلاف برعظیم کے مسلمانوں کی دو سوسالہ جدوجہد کا حاصل اور ثمر ہے۔ جہاں یہ اللہ تعالیٰ کا انعام خاص ہے، وہیں ایک تاریخی جدوجہد اور اس میں پیش کی جانے والی بیش بہا قربانیوں کا پھل بھی ہے۔بظاہر سات سال پر محیط تحریکِ پاکستان کے نتیجے میں جو ملکِ عزیز قائم ہوا، الحمدللہ، اس نے سارے مصائب اور خطرات، دشمنوں کی سازشوں اور اپنوں کی کوتاہیوں اور بے وفائیوں کے باوجود اپنی آزادی کے 70 سال مکمل کر لئے ہیں۔ اس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ پاکستان ربِّ کائنات کی طرف سے ایک عظیم نعمت ہے، جن مقاصد کے لئے برعظیم کے مسلمانوں نے جدوجہد کی تھی، وہ ضرور حاصل ہوںگے۔

اس کی قدر کے پورے احساس کے ساتھ یہ تاریخی لمحہ اس امر کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ خلوص اور دیانت سے جائزہ لیں کہ ان 70 برسوں میں ہم نے کیا پایا اور کیا کھویا؟ تحریک پاکستان کے اصل مقاصد کیا تھے؟ اور پاکستان کا وہ تصور اور وژن کیا تھا، جس کے حصول کے لئے برعظیم کے مسلمانوں نے جدوجہد کی، اور آج ہم اس سے کتنا قریب ہیں اور کتنا دُور ہو گئے ہیں؟ یہ جائزہ دیانت داری سے لیا جانا چاہئے کہ ہماری مثبت اور منفی پہلو کون کون سے ہیں اور ان سے کس طرح نجات حاصل کی جا سکتی ہے؟ نیز ایک نئے عزم کے ساتھ اصل وژن کا ادراک اور تفہیم اور اس کے حصول کے لئے صحیح لائحہ عمل کا شعور اور اس کے لئے موثر اور فیصلہ کن جدوجہد کا عزم اور اس میں تیاری وقت کی ضرورت ہے۔ یہ امر پیش نظر رہنا چاہئے کہ پاکستان کا قیام ،تحریک پاکستان کی حتمی سات سالہ جدوجہد کا حاصل نہیں بلکہ یہ 200 سال سے زیادہ عرصے پر پھیلی ہوئی اس تحریکِ آزادی کا ثمر ہے، جو برطانوی سامراج کے برعظیم میں قدم جمانے کے ساتھ ہی شروع ہو گئی تھی اور جس کے کم از کم تین بڑے واضح مرحلے دیکھے جا سکتے ہیں:

اولاً، عسکری قوت سے سامراجی حکمرانوں کا مقابلہ اور مسلم اقتدار کی بحالی۔
ثانیاً، سیاسی جدوجہد کا آغاز اور برعظیم کے تمام ہم وطنوں کے ساتھ مل کر سیاسی آزادی کی ایسی جدوجہد کہ جس میں مسلمان اپنا نظریاتی، دینی، سیاسی اور تہذیبی تشخص برقرار رکھ سکیں اور غیر مسلم اکثریت میں ضم نہ ہو جائیں۔ علاقائی قومیت کے مقابلے میں دو قومی نظریے کا ارتقا، اور اس کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے ایسا سیاسی انتظام، جو کثیر قومی کا متبادل مثالیہ پیش کر سکے۔ 1938-39ء تک یہ بات واضح ہو گئی تھی کہ انڈین نیشنل کانگریس جو دراصل ابتدا سے آج تک برہمنوں ہی کی گرفت میں رہی ہے، اس تصور کو کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں تھی، نہ ہے۔ اس کا مقصد عددی اکثریت کا غلبہ اور جمہوریت و سیکولرزم کے نام پر ہندو قوم پرستی کی حکمرانی قائم کرنا ہے۔

عملاً 1935ء کے قانون کے تحت انتخابات کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومتوں نے اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ اس پس منظر میں مسلمانوں کی تحریک کا تیسرا مرحلہ شروع ہوا۔ علمی اور عملی دونوں میدانوں میں اور دو قومی نظریے کو سیاسی حقائق کی روشنی میں برعظیم کے مسلمانوں کی جس نئی سیاسی منزل کی شکل میں پیش کیا گیا، وہ تقسیم ہند اور پاکستان کا آزاد اسلامی ریاست کی حیثیت سے قیام تھا۔ تحریک پاکستان کے دو ناقابل تفریق و تنظیم پہلو تھے۔ ایک سیاسی آزادی اور دوسرا اس آزادی کی بنیاد اور منزل اسلامی نظریہ اور تہذیب و ثقافت۔ یہی وجہ ہے کہ تصورِ پاکستان اور تحریک پاکستان کے مقاصد، مزاج اور شناخت کو سمجھنے کے لئے حسب ذیل دستایزات کا مطالعہ ضروری ہے:

علامہ اقبال کا 1930ء کا خطبہ صدارت، 23 مارچ 1940ء کی قراردادِ لاہور، قائداعظم کا خطبہ صدارت، 7اپریل 1947ء کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے منتخب ارکان کے کنونشن کی قرار داد، حلف نامہ اور قائداعظم کی تقریر 13 مارچ 1949ء کو پہلی منتخب دستور ساز اسمبلی کی منظور کردہ قراردادِ مقاصد اور اس موقع پر وزیراعظم نواب زادہ لیاقت علی خان اور تحریکِ پاکستان کے اکابر ارکانِ دستورساز اسمبلی کی تقاریر۔ (قراردادِ مقاصد تحریک پاکستان کی فکری جہت کا خلاصہ ہے، اور پاکستان کے دستور کی تمہید اور اس کا حصہ ہے۔) اس پس منظر میں پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے چھے چیزیں ضروری ہیں:-

1 پاکستان کے تصور اور اس کی اصل منزل کا صحیح اور مکمل شعور۔  یہ وژن اور اس کے باب میں مکمل شفافیت اور یکسوئی اوّلین ضرورت ہے۔ اسی سے ہماری منزل اور اس تک پہنچنے کے راستے کا تعین ہو سکتا ہے۔ یہ ہماری شناخت ہے اور اسی شناخت کے تحفظ اور ترقی کے لئے آزادی کی جدوجہد کی گئی اور پھر آزادی حاصل کی گئی۔ –

2 آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے علاقےکا حصول ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ آزاد قوم اور آزاد علاقہ ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں۔ ملکی حدود کی حفاظت اور دفاع قومی سلامتی کی پہلی ضرورت ہے۔ دفاعِ وطن اور دفاعِ نظریہ، شخصیت اور پہچان ساتھ ساتھ ہوتے ہیں۔ اس کے لئے عسکری قوت کے ساتھ سیاسی، معاشی، مادی اور اخلاقی قوت بھی ضروری ہے۔ اس میں ضُعف، ملکی سلامتی کے لئے خطرے کا باعث بنتا ہے۔ یہ سیاسی و معاشی استحکام، اندرونی امن و امان، بیرونی خطرات سے تحفظ اور آبادی کی ترقی اور خوش حالی کے لئے وسائل کے بھرپور استعمال کا راستہ دکھاتی ہے۔

3 تیسری ضرورت اس وژن اور قومی سلامتی اور مفادات کا تحفظ و ترقی ہے، زندگی کے تمام شعبوں کے لئےصحیح پالیسیوں کا تعین ، انتہا درجے کی شفافیت کے ساتھ پالیسی سازی اور ان پر عمل کرنے کا اہتمام۔

 4 ان مقاصد کو حاصل کرنے اور پالیسیوں پر موثر عمل درآمد کے لئے تمام ضروری اداروں کا قیام، استحکام، اصلاح اور ترقی۔ دستور اور قانون کی حکمرانی ہی کے ذریعے اداروں کی بالادستی اور حقوق وفرائض کی بجا آوری ممکن ہے۔

 5 ان مقاصد کے حصول کے لئے اساسی ضرورت ہر سطح پر اور ہر شعبے کے لئے مردانِ کار کی تیاری ہے۔ تعلیم اس کی کنجی ہے۔ پوری آبادی کی اخلاقی، علمی صلاحیت میں اضافے سے ہی کوئی قوم ترقی کر سکتی ہے، پھر اپنی آزادی اور شناخت کی حفاظت اور استحکام کے ذریعے اس ترقی کو زیادہ ثمرآور بنایا جاسکتا ہے۔

 6 آخری فیصلہ کن ضرورت ہے: صحیح قیادت کا انتخاب، مشاورت کے موثر نظام کا قیام، احتساب اور جواب دہی کا ہر سطح پر اہتمام۔

یہ 6 چیزیں کسی بھی ملک اور قوم کی آزادی و خودمختاری اور ترقی و استحکام کی ضامن ہیں۔ ان سب کے بارے میں غفلت، کمزوری، فکری انتشار، تضادات اور عملی کوتاہیاں ہی پاکستان کے سارے مسائل کی جڑ ہیں۔ جس حد تک ان کا پاس و لحاظ کیا جائے گا ہماری آزادی اور خودمختاری برقرار رہ سکے گی۔ ان میں سے بعض پہلوئوں پر توجہ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے خطرات اور کوتاہیوں کے باوجود ہم اپنا وجود برقرار رکھ سکے ہیں اور کسی حد تک ترقی بھی حاصل کر سکے ہیں۔ تخلیقِ پاکستان کے 70 سال کی تکمیل پر آئندہ اصلاحِ احوال اور تعمیر کے عزم کی تجدید کے ساتھ، رہنمائی کے یہ زریں اُصول قوم کے سامنے پیش کرتے ہوئے پوری قوم سے یہ عرض کرتے ہیں کہ:

14 اگست 2017ء ہمارا یومِ تشکر ہے کہ اس روز اللہ تعالیٰ نے ہمیں آزادی کے ساتھ یہ موقع عطا فرمایا کہ ہم اُس کے بتائے ہوئے اُصولوں کے مطابق اجتماعی اور شہری زندگی کی تشکیل و تعمیر کریں۔

14 اگست ہمارے لئے یومِ احتساب ہے کہ ہم یہ جائزہ لیں، جو عہد ہم نے اللہ تعالیٰ سے اور اس قوم سے کیا تھا، کیا اس کی تکمیل کے لئے بامعنی پیش قدمی کر سکے ہیں؟ اور اگر ایسا نہیں کر سکے تو اس میں کون اور کس درجے کا ذمہ دار ہے؟

پروفیسر خورشید احمد

واہگہ : جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لاہور میں واہگہ بارڈر پر پاکستان کے 70 ویں جشن آزادی کے سلسلے میں جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے اور دنیا کے آٹھویں بڑے پاکستانی پرچم کو لہرایا۔ جشن آزادی پاکستان کی پروقار تقریب واہگہ بارڈر میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ تھے جبکہ دیگر مہمان بھی شریک تھے۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا جبکہ جنرل قمر باجوہ اور دیگر افراد نے قومی پرچم کو سلامی دی اور موجود شرکا نے پاکستان زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگائے۔ واہگہ بارڈر میں لہرایا گیا پرچم پاکستان اور جنوبی ایشا کا سب سے بڑا جبکہ پوری دنیا کا آٹھواں بڑا پرچم ہے۔

پاکستانی پرچم کو 4 سو فٹ کی بلندی پر لہرایا گیا جس کی چوڑائی 120 فٹ اور اونچائی 80 فٹ ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ‘سب سے پہلے میں آپ سب کو پاکستان کی 70 سالہ جشن پر مبارک دیتا ہوں اور آپ کا جوش دیکھ کر میرے اعتماد میں بھرپور اضافہ ہوا ہے اور جس ملک کے لوگوں میں یہ جذبہ ہو اس کو کون شکست دے سکتا ہے’۔ جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ ‘آج سے 70 برس قبل لاہور کے اسی شہر میں ہی پاکستان کی قرارداد منظور ہوئی تھی جس کے 7 سال کی جدوجہد کے بعد پاکستان کو حاصل کیا اور 14 اگست کو 27 رمضان کی رات تھی جو ملک بابرکت رات کو بنا ہو اور اللہ اور رسول  ﷺ کے نام پر بنایا گیا اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘جس وقت پاکستان کا قیام ہوا تو ملک معاشی، سماجی، سیاسی اور دفاعی لحاظ سے کمزور تھا کیونکہ ہندوستان نے ہمیں اپنا حق نہیں دیا تھا لیکن قلیل وسائل کے باوجود ہمارے بزرگوں نے بڑی محنت کی اورپاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا اور آج پاکستان ایک مضبوط ملک ہے جو دن بہ دن ترقی کرتا جا رہا ہے’۔ جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ ‘اس سفر کے دوران ہم سے کچھ غلطیاں بھی ہوئیں جن سے ہم نے سیکھا اور آج پاکستان اپنے اصل راستے پر گامزن ہوچکا ہے جو آئین و قانون کا راستہ ہے، آج پاکستان کا ہر ادارہ نہایت ایمانداری اور تندہی سے کام کر رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہم علامہ اقبال اور قائد اعظم کا پاکستان بنا کر دم لیں گے’۔

انھوں نے کہا کہ ‘اس سفر میں ہم نے بہت سی قربانیاں دی ہیں چاہے وہ 48، 65، 71 کارگل کا معرکہ ہو یا دہشت گردی کے خلاف جنگ یا آپریشن راہ راست ہو یا رد الفساد ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں اور میں ٓسمجھتا ہوں کہ آج یہان جو چراغ جل رہے ہیں ان میں ہمارے شہیدوں کا خون شامل ہے’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘کوئٹہ کے شہید ہوں، ایل او سی کے شہید ہوں یا دیر کے شہید ہوں وہ آج ہمارے ساتھ موجود ہیں اور ہم اپنے شہیدوں کو کبھی نہیں بھول سکتے اور ہم پر شہیدوں کے خون کا قرض ہے، ہم ایسی فوج سے تعلق رکھتے ہیں جس نے سیاچن میں گلیشر کھود کر اپنے شہیدوں کے جسد خاکی نکال لیے اگر ہم وہ کام کر سکتے ہیں تو میرا یقین کر لیں کہ ہم دہشت گردوں کو چن چن کرماریں گے اور ان کو انجام تک پہنچا دیں گے’۔

آرمی چیف نے کہا کہ ‘پاکستان کے دشمن جو مشرق میں ہیں یا مغرب میں ہیں وہ یہ میری بات جان لیں کہ ان کی گولیاں اور بارود ختم ہوں گے لیکن ہمارے جوانوں کی چھاتیاں ختم نہیں ہوں گی’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘اس وقت بھی پاکستان کو بیرونی اور اندرونی طور پر بے تحاشا چیلنجز کا سامنا ہے لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے’۔ انھوں نے کہا کہ ‘کوئی ایسی طاقت جو پاکستان کی طرف غلط نظر سے آنکھ اٹھا کر دیکھے گی یا پاکستان کو اندرونی یا بیرونی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گی تو پاک فوج اور تمام ادارے اس کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہو جائیں گے اور ان کے تمام عزائم کو خاک میں ملائیں گے’۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ ‘یہ جھنڈا جس کو ہم نے آج بلند کیا ہے یہ ہماری ترقی اور بلندی کی علامت ہے اور جس طرح 400 کی فٹ پر یہ پرچم گیا اور پاکستان بھی اسی طرح اور اسی رفتار سے ترقی کرے گا’۔ انھوں نے پروقار تقریب پر ڈی جی رینجرز اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دی۔

خدا کرے کہ میری ارض پاک پر اترے وہ فصل گل ، جسے اندیشہ زوال نہ ہو

  • خدا کرے کہ میری ارض پاک پر اترے
    وہ فصل گل ، جسے اندیشہ زوال نہ ہو


    یہاں جو پھول کھلے، وہ کھلا رہے صدیوں
    یہاں خزاں کو گزرنے کی بھی مجال نہ ہو


    یہاں جو سبزہ اگے، وہ ہمیشہ سبز رہے
    اور ایسا سبز ، کہ جس کی کوٴی مثال نہ ہو

    گھنی گھٹاٴیں یہاں ایسی بارشیں برسا ٴیں
    کہ پتھروں سے بھی روٴید گی محال نہ ہو

    خدا کرے کہ نہ خم ہو سر وقار وطن
    اور اس کے حسن کو تشویش ماہ و سال نہ ہو

    ہرایک فرد ہو تہذیب و فن کا اوج کمال
    کوٴی ملول نہ ہو، کوٴی خستہ حال نہ ہو

    خدا کرے کہ میرے اک بھی ہم وطن کےلیے
    حیات جرم نہ ہو، زندگی وبال نہ ہو

    خدا کرے کہ میری ارض پاک پر اترے
    وہ فصل گل ، جسے اندیشہ زوال نہ ہو