پاکستان کی سعودی حکومت سے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنیکی درخواست

سعودی حکومت کی عازمین حج کے لئے کورونا ویکسی نیشن کی شرط کے معاملے پر وزارت خارجہ نے سعودی حکومت سے رابطہ کر لیا ہے، پاکستان نے سعودی حکومت سے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کر دی ہے حکام کے مطابق اگر سعودی عرب نے ایسٹرازینیکا، فائزر ویکسین کی شرط رکھی تب بھی پاکستانی حج کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے چین کےعلاوہ دیگر ممالک کی ویکسین فوری لگوانا مشکل قرار دے دیا ، اس ضمن میں پاکستان کا موقف ہے کہ پاکستانیوں نے چینی ویکسین لگوائی ہے، ڈاکٹرز دوبارہ کوئی اور ویکسین لگوانے کی اجازت نہیں دیتے، اس لیے سعودی وزارت صحت چینی ویکسین کو اجازت دے، کیوں کہ ڈبلیو ایچ او نے چینی ویکسین کو منظور کر لیا ہے، دوسری طرف ریاض میں پاکستانی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کی وجہ سے کسی پاکستانی کے حج سے محروم رہنے کا امکان نہیں ہے ،

اگر سعودی عرب نے ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی شرط رکھی تب بھی پاکستانی عازمین حج کر سکیں گے، پاکستان کے پاس ایسٹرازینیکا ویکسین کی لاکھوں خوراکیں موجود ہیں ، مزید ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین اگلے مہینے ملنے کی توقع ہے ، پاکستانی حکام کے مطابق غیر ملکیوں کیلئے حج پالیسی کا اعلان ابھی نہیں ہوا اور حاجیوں کیلئے ویکسی نیشن سے متعلق خبریں صرف افواہیں ہیں، غیر ملکیوں کیلئے حج پالیسی کا اعلان 27 مئی کو متوقع ہے۔ خیال رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ کے ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کو حج کے لیے آنے کی اجازت ہو گی تاہم انہیں کورونا ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرنا ہو گا جن میں ویکسی نیشن کی شرط بھی شامل ہے تاہم حاجیوں کی تعداد محدود رکھے جانے کا امکان ہے ، سعودی عرب کے نائب وزیر مملکت حج عبد الفتاح مشا نے کہا ہے کہ حج بیت اللہ کو معطل نہیں کیا جائیگا، حج کیلئے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں، حجاج کرام اور زائرین کی سہولت کیلئے سعودی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ، حج کیلئے آنے والوں کیلئے ویکسین لازمی ہو گی ، حج کے بارے میں تفصیلات اور طریقہ کار کے بارے میں شوال کے مہینہ میں اعلان کر دیا جائے گا۔

 بشکریہ روزنامہ جنگ

پاکستان میں چین کی کین سائنو ویکسین کی تیاری شروع کر دی گئی

پاکستان میں چین کی کورونا ویکسین کین سائنو کی تیاری اور پیکنگ شروع کر دی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پاکستان میں کورونا ویکسین کی تیاری اور پیکنگ کی شروعات کا اعلان کرتے ہوئے نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کی ٹیم کو مبارکباد دے دی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ این آئی ایچ پاکستان کی ٹیم کین سائنو بائیو چائنہ کی مدد سے پاکستان میں کین سائنو ویکسین کی کامیاب فارمولیشن اور پیکنگ پر مبارک باد کے مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکیسن کو تیاری سے پہلے معیار یقینی بنانے کے لیے سخت ٹیسٹنگ سے گزار گیا ہے۔

فیصل سلطان کے مطابق یاکستان میں کین سائنو ویکیسن کی تیاری کورونا ویکسین کی فراہمی میں ایک اہم قدم ہے۔ پاکستان میں تیار کردہ ویکیسن کا نام پاک ویک رکھا گیا ہے۔ خیال رہے کین سائنو ویکسین کی فارمولیشن اور پیکنگ کا خام مال چین سے خریدا گیا ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان کے اعلان پر سوشل میڈیا صارفین ٹوئٹر پر مختلف ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ بعض نے اسے کورونا ویکسین کے خلاف جنگ میں اہم اقدام قرار دے کر ڈاکٹر فیصل سلطان اور حکومت کو مبارک باد دے ڈالا تو بعض ایسے بھی تھے کہ انہوں نے اس کے معیار اور بین الاقوامی سفر کے لیے اس کی قبولیت پر سوالات اٹھاتے نظر آئے۔

بشکریہ اردو نیوز