سعودی عرب : 41 اقسام کی ملازمتیں صرف مقامیوں کے لیے

سعودی وزیر محنت اور سماجی ترقی احمد الراجحی نے سیاحت اور غیر منافع بخش شعبوں میں 41 اقسام کی ملازمتیں صرف سعودی شہریوں کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ مدینہ منورہ میں داخلی کمرشل مارکیٹوں میں بھی صرف سعودی مرد و خواتین ملازمتیں کر سکیں گے۔ وزیر محنت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان پیشوں اور سرگرمیوں کا تعلق مختلف جگہوں ، مراکز اور داخلی تجارتی مارکیٹوں ، شاپنگ مالز ، سول اداروں ، ہوٹلوں اور سیاحتی شعبے کی ملازمتوں سے ہے۔

ان ملازمتوں میں کار ڈرائیور، سیکورٹی اہلکار ، صارفین کی خدمات پر مامور کیے جانے والے منیجر ، انتظامی منیجر ، مارکیٹنگ اور سیلز کے نمائندگان، انسانی وسائل کے منیجر اور عملہ اور اس شعبے میں مارکیٹنگ کے نمائندگان شامل ہیں۔
وزیر محنت کے بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ جو کوئی ادارہ یا آجر بھی اس ضابطے کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ،اس کے خلاف پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔ سعودی عرب کی عمومی تنظیم برائے سماجی بیمہ کے مطابق 2017ء کے اختتام پر مملکت میں غیرملکی ملازمین کی تعداد کم ہو کر 79 لاکھ 10 ہزار رہ گئی تھی۔ اس سے ایک سال پہلے 2016ء کے اختتام پر یہ تعداد 84 لاکھ 90 ہزار تھی۔

شاہد نعیم

آصف زرداری اور فریال تالپور کے گرد شکنجہ سخت ؟

اومنی گروپ کے مالک انور مجید کی طرف سے رشوت کی رقم ہنڈی حوالہ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کرنے کا انکشاف، اسی رقم سے لندن، کینیڈا، فرانس اور دبئی میں جائیدادیں خریدی گئیں۔ دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی ریڈار پر آ گئے ہیں۔ جوائنٹ انوسٹی گیشن (جے آئی ٹی) کی حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع ہو گی۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق انور مجید رشوت کی رقم ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کرتا رہا جس سے لندن، فرانس اور دبئی میں اثاثے بنائے گئے۔

بلاول ہاؤسز کا خرچہ بھی اومنی گروپ اٹھاتا رہا۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے حوالے سے دنیا کامران خان کے ساتھ میں 2019ء سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کیلئے بھاری ثابت ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دنیا کامران خان کے ساتھ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مراد علی شاہ نے اومنی گروپ پر نوازشات کی بارش کر دی۔ پروگرام میں بتایا گیا ہے کہ اومنی گروپ کی سفارش پر ہی مراد علی شاہ نے جونئیر منسٹر سے وزیراعلیٰ تک کا سفر طے کیا۔

گدھوں کی تعداد میں اضافہ پاکستان تیسرا بڑا ملک بن گیا

پاکستان دنیا میں گدھوں کی تعداد کے حوالے سے تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں گدھوں کی تعداد روز بروز بڑھنا شروع ہو گئی ہے جس کے بعد صرف لاہور شہر میں گدھوں کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکومت نے گدھوں کی بہتر صحت کیلئے ڈونکی ہسپتال قائم کر دیا جہاں نا صرف بیمار گدھوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے بلکہ انہیں مختلف بیماریوں سے بچاؤ کی ادویات بھی دی جا رہی ہیں۔ انسان اور گدھے کا ساتھ تو صدیوں پرانا ہے مگر لاہور میں گدھوں کا کاروبار اچانک چمک اٹھنے سے گدھے پالنے والے بھی خوش ہیں۔

گدھوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ گدھا پال سکیم منافع بخش ہے، 35 سے 55 ہزار روپے تک کا گدھا روزانہ 800 سے ایک ہزار روپے تک کمائی کر کے دیتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گدھا چار سال کی عمر میں کماؤ بن جاتا ہے اور 12 سال تک مالک کیلئے روزگار کا ذریعہ بنا رہتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا میں گدھوں کی تعداد کے حوالے سے تیسرا بڑا ملک ہے جب کہ اس فہرست میں ایتھوپیا پہلے اور چین دوسرے نمبر پر موجود ہے۔