تیار ہو جاؤ روس، امریکی میزائل آ رہے ہیں

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں کیمیائی حملوں کے بعد روس کو براہِ راست دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’روس تیار ہو جاؤ، امریکی میزائل آرہے ہیں‘۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو خبردار کیا ہے کہ شام میں کیمیائی حملے کے بعد روس بھی امریکا کے ردِ عمل کے لیے تیار رہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس نے شام کی جانب داغے گئے میزائلوں کو گرانے کا عزم کیا ہوا ہے، تو وہ تیار ہوجائے کیونکہ امریکا کے میزائل آرہے ہیں، جو نئے اور مزید بہتر اور چالاک ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس کو ایسے لوگوں کا ساتھ نہیں دینا چاہیے تھا جو جانوروں کی طرح اپنے ہی لوگوں کو قتل کرتے ہیں اور اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اپنے ایک اور پیغام میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کبھی نہ ختم ہونے والی روسی تحقیقات کے باوجود وہ ایسی چیزیں کر رہے ہیں جو لوگوں کے نزدیک ممکن ہی نہیں ہیں۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری سے باہمی دوستی مزید مستحکم ہوئی ہے : شی جن پنگ

پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور چین کے صدر شی جن پنگ نے پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا اعادہ کیا ہے۔ چینی صدر کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت بننے والے انڈسٹریل پارکس پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھولیں گے۔ اسلام آباد میں وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اس وقت چین میں موجود ہیں جہاں انہوں نے باؤ کانفرنس میں شرکت کی جب کہ باؤ گیسٹ ہاؤس میں پاکستانی وزیر اعظم اور چینی صدر کے درمیان ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کا گہرا دوست ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سے یہ دوستی مزید مستحکم ہوئی ہے جب کہ پاکستان اقتصادیات، توانائی، زراعت، بنیادی ڈھانچے اور افرادی قوت کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر عالمی امن و سلامتی میں چین کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی امور میں چین کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے، جب کہ سی پیک 21 ویں صدی میں عالمی ترقی کیلئے بین الاقوامی منصوبہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی اصلاحات اور آزادانہ پالیسی سے کسی ملک کو خطرہ نہیں۔

اعلامیہ کے مطابق، چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ آج علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات انتہائی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔ چینی صدر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے، جو ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کے تحت دو طرفہ تعاون کی ایک عظیم مثال ہو گی۔ چینی صدر نے گوادر بندرگاہ صنعتی زونز اور بجلی گھروں سمیت سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں چین کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ میں ایک اہم ملاقات معروف کاروباری ویب سائیٹ، ’علی بابا‘ کے مالک، جیک ما کے ساتھ بھی تھی جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے علی بابا گروپ کو پاکستان میں کاروبار شروع کرنے میں دلچسپی پر خوش آمدید کہا۔ جیک ما نے وزیر اعظم شاہد خاقان کو علی بابا گروپ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جیک ما نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے پاکستان میں موجود پوٹینشل کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے جیک ما کو پاکستان میں آن لائن کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے دلچسپی لینے پر خوش آمدید کہا اور بتایا کہ پاکستان میں ’اِی کامرس‘ کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے جیک ما کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

قومی پرچم کی بے حرمتی کرنے والے چینی انجینئرز کو ملک سے نکال دیا گیا

وزارتِ داخلہ نے سیکیورٹی افسران پر تشدد کرنے والے چینی انجینئرز کو ملک بدر کر تے ہوئے حکم نامہ جاری کر دیا، تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی افسران پر تشدد کرنے والے چینی انجنیئرز کو ملک بدر کر دیا گیا ہے.  سیکیورٹی افسران کے مطابق فیصل آباد ملتان موٹروے پر کام کرنے والے چینی انجنیئرز بغیر سیکیورٹی کیمپ سے باہر جانا چاہتے تھے جس پر ان سے تلخ کلامی ہو گئی جو ہاتھا پائی پر جا پہنچی، انجینئرز نے سیکیورٹی افسران پر تشدد کیا اور جوتوں سمیت پاکستانی پرچم والی گاڑی پر چڑھ گئے۔ کمشنر ملتان کی انکوائری رپورٹ کے بعد وزارتِ داخلہ نے انجنیئرز کو ملک بدر کا حکم جاری کیا اور انہیں گاڑیوں کے ذریعے لاہور لایا گیا اور خصوصی طیارے کے ذریعے ملک بدر کر دیا گیا۔

فیس بک جعلی اکاؤنٹس پاکستانی الیکشن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں : زکربرگ

فیس بک کے سر براہ نے انکشاف کیا ہے کہ فیس بک پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان میں ہونے والے انتخابات پر بھی اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ امریکی کانگریس میں مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ ہم ایسے تمام جعلی اکائونٹس پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان سب کو بند کر رہے ہیں جن کے ذریعے ووٹ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جاتی ہے۔ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ ڈیٹا اسکینڈل کے حوالے سے امریکی کانگریس کے سامنے پیش ہو گئے، انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ نے اپنے صارفین کے کوائف کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے تھے اور وہ اس کوتاہی کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہیں ۔

زکر برگ اپنے ایک بیان میں فیس بک کی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے نظام کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔ انہوں نے توانائی و تجارت کی امریکی نمائندگان کی کمیٹی کو ایک تحریری بیان میں بتایا تھا کہ ’’ یہ واضح ہو چکا ہے کہ ان آلات یا ٹولز کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات نہیں کیے گئے تھے۔ یعنی جعلی خبریں، انتخابات میں بیرونی مداخلت اور نفرت انگیز بیانات کے ساتھ پروگرامنگ اور نجی کوائف کے تحفظ کے شعبوں میں‘‘۔